اسلام آباد: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے وفاقی اسپتالوں کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی جس کے تحت دارالحکومت کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ایڈوائزری پمز، پولی کلینک، نرم، ایف جی ایچ انتظامیہ کےنام جاری کی گئی ہے، وزارت قومی صحت نے وفاقی اسپتالوں کی او پی ڈی سروس بند کرنےکا حکم دیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اسپتالوں کی او پی ڈی سروس تاحکم ثانی بند رکھی جائے اور وفاقی اسپتالوں میں صحت یاب مریضوں کو فوری ڈسچارج کیا جائے۔
مراسلے میں وزارت قومی صحت نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اسپتالوں کے عملے کو حاضری یقینی بنانےکا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 71 ہوگئی ہے جب کہ اسلام آباد میں کورونا کے مصدقہ کسیز 54 ہو گئے ہیں۔