کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں ایک نجی کلینک کے ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد انتظامیہ نے علاقے میں کلینکس اور نجی اسپتال بند کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گلشن حدید میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور گزشتہ روز ایک ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد گلشن حدید کے تمام کلینک، او پی ڈیز اور نجی اسپتال آج سے بند رہیں گے، صرف ایمرجنسی کیسز کو ڈیل کیا جائے گا، اسٹاف اسپتالوں میں آئے گا۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر اور وزیر اعلیٰ سندھ کے فوکل پرسن مرتضیٰ بلوچ اور ڈپٹی کمشنر ملیر اور ضلعی ہیلتھ آفیسر کے درمیان میٹنگ میں کیا گیا، میٹنگ میں کہا گیا کہ گلشن حدید کی یونین کونسل 6 اور 7 میں کرونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے ہیں، ایک ڈاکٹر میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو نجی کلینک چلا رہا تھا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ گلشن حدید کی یونین کونسل 6 اور 7 میں تمام نجی اسپتال اور کلینک آج سے تا حکم ثانی بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آ گئے ہیں، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہو گئی، کراچی سے 6 نئے کیس سامنے آئے، حیدرآباد سے 14، گھوٹکی سے 2 نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے 707 مریض زیر علاج ہیں، 65 مریض صحت یاب جب کہ 11 جاں بحق ہو چکے ہیں۔ مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 438 ہے۔