تازہ ترین

کرونا وائرس سے اموات، چین میں تین منٹ‌ تک مکمل خاموشی، جذباتی مناظر

بیجنگ: چین میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کا سرکاری سطح پر سوگ منایا گیا اور ہلاک افراد کی یاد میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔

چینی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے مرنے والے طبی عملے اور دیگر شہریوں کی اموات پر ملک بھر میں سوگ منایا گیا اور مرنے والوں کی یاد میں تین منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔

دارالحکومت میں ٹرین، بحری جہاز اور ٹریفک کو تین منٹ تک روک کر متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا، چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی وائرس سے لڑنے والے طبی عملے کو سلام عقیدت پیش کیا۔

رپورٹ کے مطابق مرنے والوں کی یاد میں چین کا قومی پرچم سرنگوں رہا اور طبی عملے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تین منٹ تک سائرن، گاڑیوں کے ہارن بھی بجائے گئے۔ اس دوران جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے اور شہری اپنے پیاروں کو یاد کر کے روتے دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کا پہلا کیس گزشتہ برس نومبر میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے یہ وبا شدت اختیار کر گئی اور  دنیا کے 195 سے زائد ممالک تک پھیل گئی۔

چین میں کرونا سے متاثرہ ہونے والے 3 ہزار 207 مریض دوران علاج دم توڑ گئے، ان میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے دیگر افراد بھی شامل تھے۔

چین میں اب کرونا کے مقامی کیسز رپورٹ ہونا تقریباً بند ہوگئے ہیں جس کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر ووہان میں لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا اور وہاں معمولاتِ زندگی اب بحال ہوگئے۔

Comments

- Advertisement -