پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ٹرمپ کا نیویارک میں ایک ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں اضافی ایک ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جس کی تربیت کسی کو نہیں دی گئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ اگلے 2 ہفتے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں سب سے مشکل ہوں گے، اس دوران اموات میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا کی روک تھام کے سلسلے میں انتظامیہ کی مدد کے لیے مزید ایک ہزار فوجی نیویارک میں تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ریاستوں کی مدد کے لیے بھی ہزاروں فوجی جوان تعینات کریں گے، کرونا کے خاتمے اور ملک کو پھر سے کھولنے کے لیے وسائل کا ہر ممکن استعمال کریں گے، حکومت کی طرف سے کچھ وینٹی لیٹرز بھی نیویارک بھیجے جائیں گے، وفاقی ایجنسیوں نے 180 ملین ماسک آرڈر کیے ہیں۔

امریکا میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 3لاکھ سے تجاوز کرگئی

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فوجی اہل کار ایسی لڑائی میں جا رہے ہیں جس کے لیے وہ تربیت یافتہ نہیں، کسی کو بھی اس جنگ کے لیے تربیت نہیں دی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں ڈاکٹرز، نرسوں اور دیگر طبی عملے، اور فوڈ سپلائی کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔

خیال رہے کہ امریکی ریاست نیویارک کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں ساڑھے 3 ہزار سے زائد اموات، ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، 30 سے زائد پاکستانی نژاد امریکی شہری بھی کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ شہر میں اسپتال بھر گئے ہیں، وینٹی لیٹرز کم پڑ گئے، جس پر نیویارک کے گورنر نے مدد کی اپیل بھی کر دی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں