سوات: خیبر پختون خوا کے ضلع سوات میں سیدو اسپتال میں کرونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلع سوات میں کرونا وائرس سے ایک اور مریض انتقال کر گیا، جس کے بعد ضلعے میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
ترجمان سیدو اسپتال نے کرونا وائرس سے 75 سالہ مریض فضل ربی کی موت کی تصدیق کر دی، یاد رہے کہ 3 اپریل کو بھی سیدو شریف اسپتال میں کرونا وائرس کا ایک مریض انتقال کر گیا تھا۔
آج سیدو شریف اسپتال میں انتقال کرنے والے مریض کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے یونین کونسل سے تھا۔ میت کو کرونا پروٹوکول کے مطابق غسل دے کر حفاظتی اقدامات کے ساتھ آبائی گاؤں بھیجا جائے گا۔
خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 372 ہو چکی ہے، 15 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ 30 مریض صحت یاب ہوئے۔
دریں اثنا، کے پی حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ غریب خاندانوں کے لیے پیکج کا اعلان کر دیا ہے، اس پروگرام کے تحت مزدور طبقہ 3 ہزار روپے آیندہ 4 ماہ تک وصول کرے گا۔ پروگرام کے لیے چیف سیکریٹری گریڈ 20 کا افسر فوکل پرسن تعینات کرے گا، ہر ڈویژن کا کمشنر گریڈ 18 کا افسر پروگرام کے لیے بہ طور فوکل پرسن تعینات کرے گا۔
کیش وصولی کے لیے احساس پروگرام کے مقامات کے چناؤ پر بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، یو سی سطح پر اسکول، کالج، ٹاؤن ہال اور دیگر عوامی مقامات پر مراکز قائم کیے جائیں گے، جن کے قیام کے لیے متعلقہ عملے کو دفعہ 144 میں رعایت دی جائے گی، کیش وصولی کے موقع پر سماجی دوری پر مبنی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔