جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

احساس کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کو یکمشت 12 ہزار دیں گے: ثانیہ نشتر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کو یکمشت 12 ہزار دیں گے، ہنگامی کیش کی فراہمی کے لیے جانچ پڑتال کا نظام بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احساس کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کو یکمشت 12 ہزار دیں گے، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام پر تیزی سے عمل ہو رہا ہے۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پر مستحق افراد کی فہرست مرتب کرنے کا کہا ہے، لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا ہے۔ ایک خاندان میں ایک ہی فرد تک رقم پہنچنے کو یقینی بنا رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ جن کے نادرا میں کوائف اپ ڈیٹڈ نہیں ان کو مشکلات ہوں گی، ہنگامی کیش کی فراہمی کے لیے جانچ پڑتال کا نظام بنایا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ان ضرورت مند افراد کی مالی معاونت کے لیے شروع کیا گیا ہے، جن کے معاشی حالات کرونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

اس پروگرام کے مستحقین میں دیہاڑی دار افراد اور مزدور سر فہرست ہیں جو کہ حفاظتی اقدامات کے باعث گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا کل بجٹ 144 ارب روپے ہے، جس سے 1 کروڑ 20 لاکھ خاندان مستفید ہو‌ں گے اور ہر خاندان کو 12 ہزار روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔

مستحق افراد کی نشاندہی کا آغاز ایس ایم ایس مہم کے ذریعے کیا گیا ہے، شہری 8171 پر ایس ایم ایس بھیج کر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے اپنی اہلیت کو جانچ سکیں گے۔

اہل افراد کو بذریعہ ایس ایم ایس رقم وصول کرنے کی اطلاع دی جا رہی ہے تاہم جن افراد کے کوائف کی تصدیق قومی سماجی و معاشی سروے کے اعداد و شمار سے نہ ہو سکے گی ان کو ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرنا ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں