کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام چارٹر اور پرائیوٹ طیاروں کی پاکستان آمد و رفت پر عائد پابندی میں توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی پرواز کی بندش کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام چارٹر اور پرائیوٹ طیاروں کی پاکستان آمد و رفت پر عائد پابندی 11 اپریل رات 12 بجے تک بڑھا دی۔
سول ایوی ایشن حکام نے مذکورہ پابندی کے حوالے سے نوٹم جاری کردیا ہے، نئی پابندی سے ڈپلومیٹس (سفارتی) اور کارگو جہازوں کو استشنیٰ حاصل ہوگا۔
بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ریلیف آپریشن پر مامور قومی ایئر لائن کی پروازیں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی، بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کی اسکریننگ اور سواب ٹیسٹ لازمی ہوں گے، مختلف ممالک میں محصور پاکستانیوں کو محکمہ صحت کی ہدایات کے تحت قریطینہ میں رکھنا لازم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس؛ ایئرپورٹ پرمسافروں سے متعلق اہم احکامات جاری
ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو چوبیس گھنٹے کیلئے قرنطینہ بھجوایا جائے گا جس کے بعد مسافروں کا سواب ٹیسٹ کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جن مسافروں کا کرونا مثبت آیا اسے روک لیا جائے گا منفی رزلٹ آنے پر گھروں کو بھجوادیا جائے گا اور تمام مسافروں کا مکمل ڈیٹا اور موبائل نمبر ریکارڈ میں رکھے جائیں گے۔