لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے میو اسپتال میں کرونا وائرس کی مریضہ جاں بحق ہوگئی جس کے بعد میو اسپتال میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق میو اسپتال کے سی ای او پروفیسر اسد اسلم نے کہا کہ میو اسپتال میں کرونا وائرس کی 32 سالہ مریضہ انتقال کرگئیں، خاتون گردوں کے عارضے میں مبتلا تھی.
پروفیسر اسد اسلم کے مطابق خاتون کو 3 اپریل کو میو اسپتال لایا گیا تھا، مریضہ نے گردوں کے ڈائلیسز سے انکار کیا جو موت کی وجہ بنی۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی جبکہ پنجاب میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور کے میو اسپتال میں کرونا مریض کی موت معمہ بن گئی
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس پھیلنے کی شرح بڑھ رہی ہے، مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، 29 روز میں ایک ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، 31 مارچ کو مریضوں کی تعداد 2 ہزار تھی، 6 اپریل اور آج 4 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
یاد رہے کہ پنجاب کے شہر چشتیاں میں تین سال کی بچی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، کرونا وائرس سے اب تک 58 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔