کراچی: معروف مذہبی اسکالر جاوید احمد غامدی نے کہا ہے کہ کرونا کی وبا ہمارے لیے امتحان اور عبرت ہے، ایسے ماحول میں طبی ماہرین فیصلہ کن ہیں اور ان کی پیروی شرعی طور پر لازمی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے مذہبی اسکالر کا کہنا تھا کہ کرونا وبا سے متعلق حکومت وقت کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے، دوسروں کے لیے خطرے کا باعث بننا اقدام قتل کے مترادف ہے، حکومت وقت کی اطاعت شریعت میں لازم ہے۔
جاوید غامدی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں نرمی ہے، اللہ کا حکم ہے کوئی شخص دم توڑ رہا ہو تو آپ نماز بھی توڑ سکتے ہیں، طبی ماہرین کی رائے کی صورت میں سماجی فاصلے رکھنا ہوں گے، عبادات پر بھی انسانی جان کو ترجیح دی گئی ہے، وبا سے متعلق شریعت میں بھی واضح ہدایات ہیں، حکومت وقت کے فیصلے کے تناظر میں عبادات سے متعلق ہدایات موجود ہیں، حکومت و طبی ماہرین کی پیروی شرعاً اور اخلاقاً ہر لحاظ سے ضروری ہے۔
کرونا وائرس: علمائےکرام نے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی
انھوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے انسان کو بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملتا ہے، ہم اپنے نظام زندگی کو خود بہتر کر سکتے ہیں، گلوبل وارمنگ سے متعلق شروع میں کیا صورت حال تھی اور اب کیا صورت حال ہے، انسان تھوڑی سے احتیاط کر کے اس دنیا کے مسائل حل کر سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 63 ہو چکی ہے جب کہ کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 4322 تک پہنچ گئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 248 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 5 مریض انتقال کر گئے، اور 31 کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری طرف 24 گھنٹوں میں مزید 2737 کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اب تک ملک میں 44896 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔