کراچی: سندھ میں کرونا کی مخصوص ٹیسٹ کٹس کم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سندھ میں کرونا کی مخصوص ٹیسٹ کٹس کم ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف 12 روز کے لیے ٹیسٹنگ کٹس بچی ہیں، سندھ حکومت اور نجی شعبے کے پاس صرف 6 ہزار کٹس رہ گئیں، یومیہ ٹیسٹ کا رجحان برقرار رہا تو صرف 12 روز کیلیے کٹس دستیاب ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صوبے میں یومیہ 4 سے 5 سو ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، دنیا بھر میں کٹس کی مانگ بڑھتی جارہی ہے، جس کے پاس زیادہ پیسے ہیں وہ زیادہ ٹیسٹ کٹس خرید سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کرونا وائرس، وزیراعلیٰ سندھ کے بہنوئی مہدی شاہ انتقال کرگئے
عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کو کٹس فراہمی میں مدد کرے گی، حکومت سندھ نے بھی دو لاکھ کٹس کا آرڈر دیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے مریض کا ٹیسٹ کرنے کے لیے کٹس کا ہونا ضروری ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ مریض میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 462 ہوگئی ہے، پنجاب میں 2214، سندھ 1128، گلگت بلتستان میں 213 مریض زیر علاج ہیں، ملک میں کرونا کے باعث اموات 63 ہوگئی ہیں 31 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، کرونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 572 ہے۔