کراچی: احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے رقم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، دو روز کے دوران ملک بھر میں 13.18 ارب روپے کی تقسیم مکمل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق احساس پروگرام کے تحت اربوں روپے 1.098 ملین مستحق خاندانوں کو دیے جاچکے ہیں۔ رقم کی تقسیم کا سلسلہ اسی طرح کل بھی جاری رہے گا۔
ادھر عوام کی جانب سے کرپشن کی شکایات پر ایکشن بھی لیا گیا۔ کرپشن میں ملوث 40افراد کے خلاف کارروائی ہوچکی ہے۔ 34 ایف آئی آردرج اور بدعنوان ڈیوائس آپریٹرز کو گرفتار کیا گیا۔
بدعنوان عناصر 500سے1000روپے تک کی ناجائز کٹوتی کررہے تھے۔ بدعنوان عناصر کے خلاف سخت سے سخت ترین ایکشن لیا جارہا ہے۔ کوئی ڈیوائس آپریٹر کٹوتی کا مطالبہ کرے تو فور ی متعلقہ اتھارٹی کو اطلاع دیں۔
احساس پروگرام: امدادی رقم میں کٹوتی کا معاملہ، سندھ حکومت کا نوٹس
واضح رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے مستحقین کو دی جانے والی امداد میں کٹوتی کی خبر نشر کی تھی، ایس ایس پی کی ہدایت پر درج مقدمے میں 2 نامعلوم سمیت 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ادھر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ لوگوں میں رقم تقسیم سے متعلق سندھ حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے، گھوٹکی، بدین اور عمر کوٹ میں گرفتاریاں اور مقدمے درج کیے گئے ہیں، پیسے کاٹنے سے متعلق ہمیں بھی شکایات ملی تھیں جس پر ایکشن لیا ہے۔