کراچی : تاجروں نے کل سے کراچی میں دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا ، چیئرمین سندھ تاجراتحادکاکہنا ہےکہ چھوٹےتاجرفاقہ کشی پرمجبورہوچکے ہیں، ملازمین کو نکالنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ تاجراتحاد نے کل سے تمام کاروبارکھولنے کا اعلان کردیا، چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ کاکہنا ہےکہ مارکٹیں بند ہوئے 28 دن ہوچکے ہیں چھوٹےتاجرفاقہ کشی پرمجبورہوچکے ہیں۔
جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ ملازمین کونکالنےکےسواکوئی چارہ نہیں،دوسراآپشن ہےکہ اہلخانہ کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ جائیں، ہمارے ساتھ زبردستی ہوئی تو ہم سب گرفتاریاں دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ حفاظتی انتظامات کےساتھ دکانیں کھول دیں گے،اگر کرفیو لگانا ہے تو لگا دیا جائے۔
دوسری جانب مختلف مارکیٹوں کےرہنماؤں نے کاروبارصبح9سےشام5بجےتک کھولنےکااعلان کیا ، جن میں الیکٹرانکس مارکیٹ، رینبوسینٹر، جامع کلاتھ،بوتل گلی ، لیاقت آباد،ٹمبر آئرن اسٹیل سمیت بولٹن مارکیٹ اور دیگر مارکیٹں شامل ہیں۔
صدراسمال ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ آج بھی کراچی کی چھوٹی آبادیوں میں غریب بھوکا ہے، بازار صبح 9بجے سے شام 5بجے تک کھولیں گے۔
یاد رہے تاجروں نے 15 اپریل سے دکانیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا حکومت 15 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کا دورانیہ مزید نہ بڑھائے، اگر حکومت نے ہمیں روکا تو ہم وزیراعلی ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔
بعد ازاں سندھ حکومت نے تاجر برادری کیلئے 14 اپریل سےلاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ خاص ایس او پیز پر تجارتی اور کاروباری مراکز کھولے جائیں گے۔