لاہور: پنجاب حکومت نے کل سے تمام سرکاری محکموں کے سیکرٹریز کے دفاتر کھولنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں کی چھٹیاں ختم کر دیں، صوبے میں کل سے تمام سرکاری محکموں کے سیکرٹریز کے دفاتر کھلیں گے۔
پنجاب سول سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سیکرٹریز محدود اسٹاف کے ساتھ کام کریں گے جبکہ باقی اسٹاف گھروں میں رہ کر آن لائن فرائض انجام دے گا۔
اعلامیے کے مطابق تمام محکموں کے سیکرٹریز کے دفاتر کل 15 اپریل سے کھولے جائیں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ان کا عملہ بھی دفتر میں موجود رہے گا۔
وزیراعظم کا لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے توسیع کا اعلان
واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے سبب 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کیا گیا تھا جس میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔
ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 5 ہزار 837 ہوچکی ہے جن میں 96 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں کرونا کے کیسز کی تعداد 2881 ہوچکی ہے۔