اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار سیزفائر کی خلاف ورزی کی گئی، بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 47 سالہ شہری عالم دین شدید زخی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل او سی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی سینئرسفارتکار کو دفترخارجہ طلب کیا۔ پاکستان نے کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے 47سالہ شہری عالم دین شدید زخمی ہوا، بھارت ایل اوسی پر بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، اس سال بھارت نے 765دفعہ سیزفائر کی خلاف ورزی کی۔
’شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، 2003 کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے‘۔
ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ: بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 سالہ بچہ شہید اور خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ بعد ازاں ساؤتھ ایشیا اور سارک کے ڈائریکٹر جنرل زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ناظم الامور گورو اہلو والیا کو طلب کر کے شید احتجاج کیا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل سارک اور جنوبی ایشیا نے معصوم شہریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہے۔