لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ریلوے کا 5 ارب روپے مہینے کا نقصان ہورہا ہے، ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی جانب سے 3 ہزار بیگج دیے گئے ہیں، ہر قلی کو 12 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ این ڈی ایم اے نے 10 ہزار ماسک فراہم کیے ہیں، این ڈی ایم اے سے مزید ماسک بھی لیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے نے کسی مزدور کی تنخواہ یا پنشن لیٹ نہیں ہونے دی، 30 کوچز پر مشتمل ٹرین کل چمن کے لیے روانہ کی جائے گی، چمن جانے والی ٹرین میں 2 میڈیکل وینز بھی لگائی جائیں گی، چمن اور تفتان میں ٹرینیں لگائیں اور زائرین کو آئسولیشن میں رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ 30 ٹرینوں کا بیڑہ لاہور سے کل چمن کے لیے روانہ ہوجائے گا، میڈیا کو قلیوں کی فکر ہے جس پر ان کا مشکور ہوں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قرض ادائیگی میں آسانی کے لیے کردار ادا کیا، 70 ملکوں کی لسٹ میں پاکستان کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔ ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومیں قدرتی آفات میں مل کر مسائل کو بانٹتی ہیں، پہلے گولہ باری سندھ کی طرف سے نہیں ہونی چاہیئے تھی۔ شہباز شریف کا خیال تھا کہ کرونا سے معیشت مکمل ختم ہوجائے گی۔ شہباز شریف آخری فلائٹ پکڑ کر ملک واپس آگئے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر جہانگیر ترین سے فاصلہ کر سکتے ہیں تو دوسروں سے بھی کر سکتے ہیں، سیاست ایسی چیز ہے جو ایک الیکشن کے بعد دوسرے کی تیاری کرتی ہے۔ عمران خان مافیاز کو گھیرے میں لے کر آرہے ہیں۔ مافیاز کے ترجمان اسی وجہ سے چیخ رہے ہیں۔