شمالی وزیرستان : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا ، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک جوان شہید اور 3زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے دس کلومیٹر دور دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا ، جس کاسیکیورٹی فورسز نے فائرنگ سے بھرپور جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ ایک سپاہی شہید اور تین زخمی بھی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، شہید حوالدار اکبر حسین خان کی عمر 43 سال اور تعلق ضلع باغ کے علاقہ دھیرکوٹ سے تھا، شہید نے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
یاد رہے 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ کے دوران لانس نائیک ارشاد خان نے جام شہادت نوش کیا تھا ، 26 سالہ لانس نائیک ارشاد خان جمرود کا رہائشی تھا۔
اس سے ایک روز قبل ہی دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے تبادلے میں نائیک عادل شہزاد نے جام شہادت نوش کیا تھا، شہید نائیک عادل شہزاد کا تعلق مانسہرہ کے علاقے سے تھا۔