کراچی: شہر قائد میں ڈیوٹی انجام دینے والے 2 اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد انہیں آئسولیشن میں منتقل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس کے 2 اہلکار کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد دونوں اہلکاروں کو آئسولیشن منتقل کردیا گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ساڑھے 5 ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں، ٹریفک اہلکار دن رات مختلف شفٹوں میں کام کررہے ہیں۔
ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق چیکنگ پوائنٹس اور روٹین کی نفری الگ ہے، اہلکار براہ راست شہریوں سے رابطے میں ہوتے ہیں، سڑک پر فرائض انجام دینے والے اہلکار کرونا وائرس کا شکار ہوئے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں 6 ڈاکٹرز اور 7 پیرا میڈیکس بھی کرونا سے متاثر
واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے 6 ہزار 272 مریض زیر علاج ہیں، کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 ہزار 418 ہے، ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 176 ہوگئی۔
ملک میں کرونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد ایک ہزار 970 ہے، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 873 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 302 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔