ٌانگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے پاکستان کے اسٹائل آئکون بیٹسمین سعید انور کو قابل دید بلے بازوں میں سے ایک قرار دے دیا۔
برطانوی میڈیا سے سوال جواب کے سیشن میں ناصر حسین نے ماضی کے عظیم کرکٹرز کی یادوں کو زندہ کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ان کی یادگار پرفارمنس پر تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سابق اوپنر سعید انور کا بیٹنگ انداز دیکھنے کے قابل ہے،بائیں ہاتھ کے بیٹسمین آف اسٹمپ پر دلکش انداز میں کھیلتے تھے،وہ خوبصورت بیٹنگ اسٹائل کے حامل تھے جنہیں دیکھنا اچھا لگتا ہے۔
لیجنڈری بیٹسمین برائن لارا کا ذکر کرتے ہوئے ناصر حسین نے کہا کہ میں نے لارا کی پرانی اننگز کی ویڈیوز دیکھیں جس میں ان کا بیک لفٹ انتہائی زبردست تھا۔
بھارتی ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کوہلی کو 50 اوورز کے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ ہر بار وہ ہرقسم کا ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید انور کی بھارت کے خلاف ان کی ہی سرزمین پر 194 رنز کی تاریخی اننگز
آج بھی شائقین کرکٹ کو یاد ہے، سعید انور نے 247 ون ڈی میچز میں 20 سنچریوں کی مدد سے 8824 رنزبنائے تھے۔