اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15سے30روپے کمی کا اعلان کیا۔
حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں15روپےکمی کا اعلان کیا جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈڈیزل میں 27روپے 15 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 80روپے 10 پیسے تک پہنچ گئی۔
اعلان کے مطابق مٹی کاتیل 30روپےسستا ہوگیا جس کے بعد نئی قیمت 47روپے44پیسےہوگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل 15 روپےسستاہوکر 47 روپے 51 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق آج رات 12بجےسےہوگا۔
یاد رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے وزارتِ خزانہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 44 روپے کمی کی سفارش کی گئی تھی۔
اوگرانےپٹرول کی قیمت میں 20روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 33 روپے94 پیسے کمی ، مٹی کا تیل 44 روپے 7پیسے فی لیٹر کمی اور لائٹ ڈیزل 24 روپے 57 فی لیٹر کم کرنے کی سفارش کی تھی۔ وزارت خزانہ نے سمری کا جائزہ لینے کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔
دو روز قبل مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے اعلان کیا تھا کہ یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے گی تاکہ غریب کو مزید ریلیف فراہم کیا جائے۔