واشنگٹن: امریکا میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں پر ایک اینٹی وائرل دوا کا ہنگامی استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں ایک اینٹی وائرل دوا Remdesivir کا ہنگامی بنیادوں پر مریضوں پر استعمال شروع ہو گیا، امریکی فیڈرل ڈرگ اتھارٹی نے مریضوں پر اس کے استعمال کی اجازت دے دی۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرونا مریضوں پر دوا کے استعمال کی اجازت ہنگامی بنیادوں پر دی گئی ہے، یہ دوا وائرس سے متاثر شدید بیمار افراد کو دی جائے گی، ابتدائی طور پر 15 لاکھ کی تعداد میں یہ دوا امریکا بھر میں فراہم کی جا رہی ہے۔
ایف ڈی اے کمشنر اسٹیفن ہان کا کہنا ہے کہ ریمڈیسیور مریضوں کی جلد صحت یابی میں انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، دوا لینے والے مریض پندرہ دن کی بجائے 11 دن میں گھر جانے کے قابل ہو جائیں گے۔
کرونا وائرس کی ویکسین کب تک دستیاب ہوگی؟
امریکی میڈیا کے مطابق این آئی ایچ میں اس دوا کے مریضوں پر ٹرائل کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے تھے، جس کے بعد دوا کے باقاعدہ استعمال کا فیصلہ صدر ٹرمپ اور ایف ڈی اے کمشنر کی اہم ملاقات میں کیا گیا، کمشنر کا کہنا تھا کہ ریمڈیسیور امریکا میں کو وِڈ نائنٹین کے لیے پہلا تصدیق شدہ ادویاتی علاج ہے۔
یہ دوا تیار کرنے والی کمپنی گِلی یَڈ سائنسز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوا کے کلینیکل ٹرائلز جاری رکھیں گے، سی ای او ڈینئیل اوڈے کا کہنا تھا کہ دوا کی سپلائی جاری رکھنے کے لیے پارٹنرز کے ساتھ تعاون جاری رکھی جائے گی۔