اشتہار

سعودی عرب: پارسل تاخیر سے پہنچانے پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال جرمانہ عائد

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب میں پارسل تاخیر سے پہنچانے پر ایک کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال کا جرمانہ عائد کردیا گیا، کمپنی کو وارننگ دی گئی ہے کہ دوبارہ شکایت کے بعد اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کوریئر کمپنی نے پارسل دیے گئے پتے پر نہیں پہنچایا، دوسری خلاف ورزی یہ کی کہ پارسل پہنچانے میں تاخیر کی گئی۔ کمپنی کی یہ کوتاہیاں تحفظ صارفین منشور کی دفعہ 5 کے زمرے میں آتی ہیں۔

- Advertisement -

کمیونیکیشن کمیشن نے مزید بتایا کہ مبینہ خلاف ورزیوں پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ اسے تاکید کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے اور آئندہ اس قسم کی کوتاہی سے باز رہے۔

کمپنی کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ آئندہ تحفظ صارفین ضوابط کی خلاف ورزی پر اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا اور کمپنی کو بند کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ان دنوں کمیونیکیشن کمیشن کے انسپکٹرز ڈاک خدمات اور لاجسٹک سروس پیش کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہے ہیں۔

کرفیو کی وجہ سے ان دنوں اس قسم کی کمپنیوں کی خدمات بے حد اہم ہوگئی ہیں، سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ڈاک اور لاجسٹک خدمات معیاری شکل میں فراہم کرنے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں