کراچی: سندھ کے مختلف سرکاری گوداموں اور منتقلی کے دوران 15ارب روپے کی گندم چوری کے بعد ایک اوراسکینڈل سر اٹھانے لگے۔
تفصیلات کے مطابق گندم چوری کے بعد سندھ حکومت کی کرپشن اور بدانتظامی کی وجہ سے ایک اور بحران پیدا ہونے جارہا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے گندم کی 40 فیصد کم خریداری کی جارہی ہے جس سے پورا ملک متاثر ہوگا، خصوصاً کراچی اور حیدر آباد کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں گندم کی شدید قلت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملک میں پھر رواں سال جنوری کی طرح آٹا اور گندم کا مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے، پہلے بھی کراچی اورحیدرآباد میں گندم اورآٹے کابحران پیداکیاگیاتھا۔
سندھ کی بدانتظامی اور کرپشن کی اس صورتحال سے کیسے نمٹا جائے اس بحران پر قابو کیسے پایا جائے اس پر وفاق نے تشویش کا اظہار کیا اور اعلیٰ سطح پر مشاورتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ میں گندم اور آٹا چوری کے معاملے پر نیب بھی پوری طرح متحرک ہے، نیب سندھ میں گندم چوری اورآٹے کے بحران کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے۔