کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے ساتھ پیئر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیائے کرکٹ کے لیجنڈ کھلاڑی وسیم اکرم نے نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ایک شاندار مہم کا آغاز کیا ہے جہاں خوابوں کی جوڑی کی صورت میں پاکستان کے سابق ٹیسٹ اسٹارز کو یاد کیا جا رہا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ انہیں عمران خان، وقار یونس، شعیب اختر اور عبدالرزاق کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا اعزاز حاصل ہے مگر ماضی کی بات کی جائے تو ان کے ذہن میں 2 ہی نام آتے ہیں ایک سرفراز نواز جنہوں نے ریوس سوئنگ ایجاد کی تھی اور دوسرے فضل محمود ہیں میں ان کے ساتھ پیئر بناناچاہوں گا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وقار یونس کے ساتھ میرا پیئر دنیا کا بہترین باؤلنگ پیئر کہلاتا ہے، مستقبل کے باؤلروں میں سے میں نسیم شاہ کے ساتھ پیئر بنانا چاہوں گا، اسے مزید تیز باؤلر بننا ہے۔