لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان کا کہنا ہے کہ گندم اسمگلنگ روکنے کے لیے موٹر وے پولیس کا تعاون درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی خرید کا 45 فیصد ہدف حاصل ہوگیا، قلت کا خطرہ نہیں ہے،جنوبی پنجاب میں گندم کی فصل کی خرید ٹارگٹ سے بھی زیادہ ہو گی۔
علیم خان کا کہنا ہے کہ وسطی اور سینٹر ل پنجاب میں بارشوں نے فصل متاثر کی ہے،پنجاب گندم کی نقل و حمل کے لیے مربوط پالیسی اپنا رہا ہے،دیگر صوبوں بالخصوص کے پی سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔
وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ کوشش ہےگندم خریداری کے لیے مارکیٹ میں 2 خریدار نہ ہوں،پنجاب حکومت خود گندم خرید کر دیگر صوبوں کو دینا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں،زمینی،دریائی راستے سےگندم پنجاب سے لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے،گندم اسمگلنگ روکنے کے لیے موٹر وے پولیس کا تعاون درکار ہے۔
عبد العلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ فلور ملز کو 72گھنٹے کا اسٹاک رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، علیم خان
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔