اسلام آباد : بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ حقوق دینے کیلئے آئی ووٹنگ کے طریقہ کار کی منظوری دے دی گئی جبکہ زلفی بخاری نے آئی ووٹنگ کاطریقہ کارمزیدآسان اور سہل بنانے کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ حقوق دینے کے سلسلے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلوانے کیلئے اہم اجلاس ہوا ، جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکٹرانک آئی ووٹنگ طریقہ کار کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم معاون خصوصی زلفی بخاری اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان ، چیئرمین نادرا اور الیکشن کمیشن کے حکام نے شرکت کی، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے الیکٹرانک آئی ووٹنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا، دونوں وزارتوں نے آئی ووٹنگ کے طریقہ کار کی منظوری دے دی۔
زلفی بخاری نے آئی ووٹنگ کاطریقہ کارمزیدآسان اور سہل بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا اوورسیزپاکستانیوں کادیرینہ مطالبہ بہت جلد پورا کرنے جارہے ہیں، طریقہ کارکوبیرون ملک پاکستانیوں کیلئےانتہائی آسان رکھا جائےگا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کےویژن کےمطابق بیرون ملک ہم وطنوں کوحق دیا جائے گا، ماضی میں حکومتیں اہم ترین معاملے کو نظر اندار کرتی رہی ہیں، پی ٹی آئی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرے گی۔
وفاقی حکومت نے الیکٹرانک آئی ووٹنگ کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا الیکٹرانک آئی ووٹنگ پرسینیٹ،قومی اسمبلی آئندہ اجلاس میں بحث ہوجائے گی ۔
پارلیمنٹ اجلاس کے بعداوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کامرحلہ شروع ہو گا، فیصلہ کیا گیا کہ وزارت اوورسیزرجسٹریشن کیلئےتجاویز وزارت پارلیمانی امورکوبھجوائے گی، پارلیمنٹ میں بحث کے بعد دونوں وزارتوں کا اجلاس پھر طلب کیا جائے گا۔