تازہ ترین

پاک انگلینڈ سیریز، مصباح الحق کا اہم مشورہ

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بند دروازوں کے پیچھے بغیر شائقین کے انگلینڈ سیزیز کروانے کا مشورہ دے دیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان بین اسٹوکس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق بھی خالی اسٹیڈیم میں میچز کروانے کی حمایت میں بول پڑے۔

ایک بیان میں مصباح الحق نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں پر بیٹھے افسردہ شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرین پر میچز دیکھنے سے خوشی ہو گی اور ان کے مرجھائے چہروں پر خوشی لوٹ آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے تحت سماجی فاصلہ اختیار کر کے گھروں میں بیٹھے شائقین کی افسردگی کو ختم کرنے کے لیے بند دروازوں اور بغیر شائقین کے انگلینڈ سیریز کروائی جا سکتی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ظاہر ہے یہ مثالی اقدام نہیں کیونکہ شائقین اسٹیڈیم میں جا کر پلیئرز کے ساتھ پرفارم کرنا پسند کرتے ہیں اور شائقین کسی بھی کھیل کا اہم حصہ ہوتے ہیں لیکن اگر ہم اسے کسی اور طرح دیکھیں تو وہ لوگ جو گھروں میں بند ہیں ان کے چہروں پر خوشی لوٹائی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بین اسٹوکس کا کہنا تھا وہ بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ کھیلنے میں بھی خوش ہیں، اور وہ نہیں سمجھتے کہ بنا شائقین کے کھلاڑیوں کی پر فارمنس پر کوئی بُرا اثر پڑے گا اور کرکٹ تو محض ایک کھیل ہے مگر ہر فرد کی صحت اور حفاظت اس وقت انتہائی ضروری ہے۔

Comments

- Advertisement -