کراچی: سندھ حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی خاطر احتیاطی تدابیر کے تحت لاک ڈاؤن میں مزید 31 مئی تک توسیع کردی ہے۔
صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کو 31 مئی تک بڑھاتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ حکومت کی اجازت کے علاوہ دیگر کاروباری مراکز بند رہیں گے، سندھ میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سخت لاک ڈاؤن ہوگا اور ان دنوں میں شام 5سےصبح 8تک عوام کےگھروں سےنکلنےپرپابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے، شادی ہالز، جلسے جلوس اور مذہبی اجتماعات پرپابندی مکمل پابندی عائد رہے گی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ سندھ میں شاپنگ مالز کے علاوہ پیر سے تمام مارکیٹیں صبح 6 بجے سے شام 5بجے تک کیلئے کھلیں گی، مارکیٹیں ایس او پی کے تحت کھولی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری
انہوں نے متنبہ کیا کہ ایس او پی پر عمل درآمد کی ذمہ داری تاجروں پر ہوگی، سماجی فاصلے پر سختی اور خصوصی توجہ دینا ہوگی، اگر کیسز بڑھتے ہیں تو پھر مزید سخت فیصلے لینے پڑیں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک کی توسیع کی گئی ہے۔
شہر کے تمام بڑے تجارتی مراکز بند رہیں گے، روات، بہارکہو اور ترنول میں بھی بڑی مارکیٹس بند رہیں گی، تعلیمی ادارے اور شاپنگ مال بند رہیں گے، بڑے ریسٹورنٹ اور ہوٹلز بھی بند ہوں گے، ہایئر سیلون اور باربر شاپس بھی بند رکھے جائیں گے، ٹائیگر فورس اور رضا کاروں کوایس او پیز کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
جنرل اسٹورز، بیکریز، آٹا چکی، ڈیری شاپس پورا ہفتہ کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، گوشت، فروٹ شاپس، اور تندور بھی ہفتے کے سات دن کھلے رہیں گے، دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، ٹائر پنکچر شاپس، ڈرائیور ہوٹل، پٹرول پمپ، ریسٹورنٹس 24 گھنٹے کھولے جا سکتے ہیں، پوسٹل کورئیرز، پک اینڈ ڈراپ سروس صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔