کراچی : کورونا لاک ڈاؤن کا بہانہ بنا کر دفتروں سے غائب رہنے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا، سی اے اے نے بغیر اجازت کے ڈیوٹی سے غائب افسران اور اہلکاروں کی فہرست مرتب کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کو رونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران سرکاری ملازمین نے حکومتی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کردیا، لاک ڈاؤن کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیادہ تر ملازمین اپنی ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ہیں۔
جس کے باعث ادارے کو دفتری امور کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے، لیگل اور دیگر اہم سی اے اے برانچز میں کام کرنے کو کوئی اہلکار بھی موجود نہیں، سی اے اے شعبہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کی غیرحاضری کا نوٹس لے کروارننگ لیٹر جاری کردیا۔
وارننگ سرکلر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اہم برانچز میں 24مارچ سے کوئی اہلکار موجود نہیں۔
سی اے اے ہیڈ کوارٹرز نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر، ائرپورٹ مینجرز اور دیگر شعبوں کے سربراہان کو لاک ڈاون کے دوران ڈیوٹی پر موجود رہنے کا کہا گیا تھا، سرکلر میں کہا گیا ہے کہ واضح احکامات کے باوجود اکثر شعبوں کے سربراہان بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سے غائب نظر آئے۔
تمام شعبوں کے سربراہان کو فوری طور پر اپنے ماتحت عملے کا ڈیوٹی روسٹر ہیڈ کوارٹرز بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔ سرکلر کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بغیر اجازت کے ڈیوٹی سے غائب افسران اور اہلکاروں کی فہرست مرتب کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
وارننگ سرکلرسول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے جاری کیا ہے۔