لاہور: چوہدری برادران کی جانب سے نیب کے خلاف درخواست کی سماعت کے لیے نیا دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا، بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے نیب کے خلاف درخواست کی سماعت کے لیے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں نیا دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا ، بینچ جسٹس اسجد گورال شامل ہیں، بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔
اس سے قبل کیس کی سماعت کی کرنے والے دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس فاروق حیدر سماعت سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دیا گیا تھا۔
چوہدری برادران نے اپنی درخواست میں چیئرمین نیب کے اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے ، جس میں چوہدری بردران نے چیئرمین نیب کی جانب سے 19 سال پہلے بند کی گئی آمدن سے زائد اثاثوں کے متعلق انکوائری دوبارہ شروع کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی نے لاہور ہائی کورٹ میں نیب کیخلاف دائر درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنیوالاادارہ ہے ، نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بهی دے چکی ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیئرمین نیب نے انیس سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ نیب نے انیس سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں مگر ناکام ہوا ۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین نیب کو انیس سال پرانی اور بند کی جانیوالی انکوائری دوبارہ کهولنے کا اختیار نہیں، ہمارا سیاسی خاندان ہے اور ہمیں سیاسی طور انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔