اسلام آباد : قومی ایئر لائن کی امریکا سے پہلی امدادی پرواز سیکڑوں ہم وطنوں کو لیکر اسلام آباد پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی خاطر دنیا بھر میں فلائٹ آپریشن تقریباً کئی روز سے معطل ہے جس کے باعث ہزاروں پاکستانی شہری بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں۔
مشکل کی اس گھڑی پاکستان ایئر لائن نے اپنے ہم وطنوں کو ریسکیو کرنے کےلیے دنیا بھر سے خصوصی پروازوں کا آغاز کیا تھا جس کے ذریعے اب تک سیکڑوں پاکستانیوں کو پی آئی اے واپس پاکستان لاچکی ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اسی سلسلے میں پی آئی اے کی امریکا سے پہلی پرواز اسلام آباد پہنچی ہے، پی کے 8722 کے ذریعے 179 مسافروں کو واشنگٹن سے اسلام آباد پہنچایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں نے وطن پہنچنے پر قومی ایئر لائن کی خدمات کو سراہا۔ سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے بیرون ملک پھنسے ہوئے آخری پاکستانی کی وطن واپسی تک اپنا امدادی آپریشن جاری رکھے گی، امریکا سے اگلے چند دنوں میں مزید امدادی پروازیں بھی پاکستان پہنچیں گی۔
پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے1800 پاکستانیوں کی واپسی
خیال رہے کہ پی آئی اے کا بیرون ملک پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو وطن واپس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی اے کی متعدد خصوصی پروازوں کے ذریعے 2000 سے زائد ہم وطنوں کو واپس وطن لاچکی ہے۔