لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا، 18 کھلاڑیوں پر مشتمل سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں اظہرعلی، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق اے کیٹگری میں صرف تین ہی کھلاڑی جگہ بنا پائے ہیں جن میں کپتان بابراعظم ، ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور باولر شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے نافذالعمل ہو گا۔
سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق عابد علی، محمد رضوان اور شان مسعود کو بی کیٹیگری میں ترقی دے دی گئی ہے۔ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے جب کہ فہرست میں شامل امام الحق، سرفراز احمداور یاسر شاہ کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔
جبکہ سی کیٹگری میں فخر زمان، افتخار احمد ، عماد وسیم ،امام الحق ،نسیم شاہ ، عثمان شنواری شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایمرجنگ پلیئرز کیٹگری میں حیدر علی ، حارث روف اور محمد حسین کو شامل کیا گیا ہے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نسیم شاہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔