لاہور: فاسٹ باؤلر حسن علی کا انجری کے باعث طویل عرصے کے لیے کرکٹ سے دور ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی پی ایس ایل کھیلنے کے بعد نئی انجری کا شکار ہوگئے ہیں، انہیں علاج کے لیے بیرون ملک بھیجا جا سکتا ہے۔
چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کوچ مصباح الحق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حسن علی 30 اپریل کو دوبارہ سے کمر کی تکلیف کا شکار ہوئےہیں اور پی سی بی ان کا مکمل خیال رکھے گا۔
حسن علی کی انجری کے حوالے سے پی سی بی کی ڈاکٹروں سے مشاورت جاری ہے، پی سی بی مشاورت مکمل ہونے کے بعد ہی حسن علی کے علاج کا فیصلہ کرے گا۔
حسن علی گزشتہ ستمبر میں کمر کی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے تاہم پی ایس ایل سے قبل فٹ ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے پی ایس ایل کے میچز کھیلے جس کے بعد 30 اپریل کو دوبارہ انجری کا شکار ہوگئے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تھا۔پی سی بی نے اس سال 18 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے علاوہ ایمرجنگ کیٹیگری میں تین کرکٹرز کو شامل کیا گیا تھا۔