لاہور: قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے پی سی بی کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ عمر اکمل پی سی بی کی جانب سے عائد تین سالہ پابندی کے خلاف اپیل دائر کریں گے، عمر اکمل نے ڈاکٹر بابر اعوان لا فرم کی خدمات حاصل کرلیں۔
واضح رہے کہ ڈسپلنری پینل نے دو مختلف اوقات میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو تین برس کی پابندی کی سزا سنائی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے نومنتخب ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ اکیڈمی میں مشکوک ساکھ والے کوچز کی بھی چھٹی کردی جائے گی اور جو معیار پر پورا اترے گا وہ اکیڈمی کا ہیڈ کوچ ہوگا چاہے ملکی ہو یا غیر ملکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فٹنس بہتر بنانے کے لیے کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا احساس دلانا ہوگا، ڈنڈے کے زور پے یہ کام نہیں ہو سکتا۔
یاد رہے کہ 20 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ اس معطلی کی وجہ سے عمر اکمل پاکستان سپر لیگ 5 میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔
بعد ازاں یہ خبریں سامنے آئیں کہ عمر اکمل کو بکی نے میچ فکسنگ کی پیشکش کی تاہم وہ اس کی اطلاع بروقت پی سی بی کو دینے میں ناکام رہے۔
اس کے بعد عمر اکمل کے فون کا ڈیٹا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اپنے پاس رکھ لیا اور عمر اکمل کو طلب کرکے ان کے دونوں فونز قبضے میں لے لیے گئے تھے۔