کراچی : وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے سندھ میں عید سے پہلے یا فوری بعد ٹرانسپورٹ سڑکوں پر لانے کا اعلان کردیا اور ٹرانسپورٹرز کوریلیف دینے کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کوارسال کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے سندھ میں عید سے پہلے یا فوری بعد ٹرانسپورٹ سڑکوں پر لانے کا اعلان کردیا، ٹرانسپورٹرز کوریلیف دینےکیلئے4 نکاتی سمری وزیراعلیٰ سندھ کوارسال کردی گئی ہے۔
سمری میں سفارش کی گئی ہے کہ ٹرانسپورٹرز پرجرمانہ 100فیصد معاف ، موٹر وہیکل انسپیکشن ٹیکس 50فیصدمعاف اور ایکسائرڈیوٹی بھی 50فیصد معاف کی جائے جبکہ روٹ پرمٹ فیس میں 50فیصد چھوٹ دی جائے۔
اویس شاہ کا کہنا تھا کہ ایس اوپیز تیاراورمیڈیکل ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔
گذشتہ روز وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے وزیراعظم عمران خان کی صوبوں سے ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل پر کہا تھا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ ابھی نہیں کھول سکتے، پبلک ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کی بڑی وجہ کیسز میں اضافہ ہے، ایس او پیز پر کوئی بھی عمل نہیں کررہا، وزیراعظم نے بھی اعتراف کیا کہ لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے۔
اس سے قبل کراچی ٹرانسپورٹرز اتحاد نے صوبائی حکومت سے شہر میں ٹرانسپورٹ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاروباری مراکز کھول دیےگئے،ٹرانسپورٹ بند ہے۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ایس او پیز تیار کرنے کا وعدہ کیا تھا،پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے پرکوئی پیش رفت نہیں ہوئی،ایس او پیز کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی جائے۔