ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

کراچی میں ہیٹ‌ ویو کا امکان، کل سے چار روز تک سورج آگ برسائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں کل سے ایک اور ہیٹ ویو کی پیش گوئی کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے کراچی میں 18 سے 22 مئی تک ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے، اس دوران شہر کا درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہوا کا رخ شام کے وقت شمال مغرب اور مغرب سے جنوب مشرق کی طرف ہوگا۔

میٹرولوجسٹ سرفراز کا کہنا تھا کہ آئندہ پانچ روز تک شہر کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران سمندری ہوائیں رک جائیں گی جس سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: سمندری ہوائیں چل پڑیں، ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں شدید نہیں بلکہ درمیانے درجے کا ہیٹ ویو  کا امکان ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صبح گیارہ سے شام چار بجے تک بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر مجبوری میں نکلنا ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں جبکہ اس دوران پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد تھا۔

یاد رہے کہ کراچی میں رواں سال کا پہلا ہیٹ ویو پانچ سے 8 مئی کے دوران ہوا تھا، اس دوران شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں