لاہور: احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو یکم جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔احد چیمہ کو پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ احد چیمہ کو آپ نے پیش کیوں نہیں کیا، جس پر جیل سپرنٹنڈنٹ نے جواب دیا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیش نہیں کیا۔احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ اب تو تمام مارکیٹس بھی کھول دی گئی ہیں، ہر کاروبار کھولا جا رہا ہے۔
احتساب عدالت کے جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو یکم جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب حکام کے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اب تک 8گواہان اپنے بیان قلمبند کرا چکے ہیں۔