ریاض: سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کا بحران شروع ہوتے ہی پورے ملک میں سخت حفاظتی اقدامات کر لیے تھے جس کی وجہ سے کرونا وائرس کی وبا کے اثرات کو محدود کرنے میں کامیاب رہے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو جانوں کا ضیاع روکنے اور دنیا بھر کے انسانوں کو کرونا وائرس کے تباہ کن اثرات سے نجات دلانے کے لیے فوری اور جرات مندانہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے 73 ویں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے الربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کا بحران شروع ہوتے ہی پورے ملک میں سخت حفاظتی اقدامات کر لیے تھے جس کی وجہ سے کرونا وائرس کی وبا کے اثرات کو محدود کرنے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد کم رہی، صحت کے اداروں نے وبا پر قابو پانے کے سلسلے میں انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب نے وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کے حوالے سے مؤثر اقدامات کیے، عالمی صحت کے ضوابط کی پابندی کی اور 26 مارچ کو آن لائن جی 20 سربراہی کانفرنس میں شامل قائدین کی اپیل پر لبیک کہا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کو 500 ملین ڈالر دیے ہیں جبکہ ورلڈ ایمرجنسی سرگرمیوں کو چلانے کے لیے 80 ملین ڈالر کا بجٹ دیا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ جی 20 کے قائد کی حیثیت سے سعودی عرب شاہ سلمان اور ولی عہد کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے۔