اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قومی اداروں کومضبوط ،فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے،اس ضمن میں وزارت پارلیمانی امور کا کلیدی کردار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی۔بابر اعوان نے نوجوان پارلیمنٹیرینز کی تربیت سازی کا منصوبہ وزیر اعظم کو پیش کیا۔
اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ تربیت کا مقصدہے نوجوان پارلیمنٹیرینز قانون سازی میں مؤثر کردار ادا کریں، یہ تربیت تمام جماعتوں کے نوجوانوں کوفراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے نوجوان پارلیمنٹیرینز کی قانون سازی کی تربیت کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قومی اداروں کومضبوط ،فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے،اس ضمن میں وزارت پارلیمانی امور کا کلیدی کردار ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سکوک بانڈز پر عالمی برادری،سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل اعتماد کا مظہر ہے،کرونا کے تناظر میں آنے والے وقت کی مکمل منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت حالات کا مقابلہ اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا،عوام عیدکے دوران حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔