لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کردی، انہوں نے مختلف سیکٹرز میں دی جانے والی سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال 21-2020 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو فوکس کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت اور دیگر سماجی شعبوں کو اہمیت دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کو سخت فنانشل ڈسپلن کی پالیسی پر کاربند رہنا ہوگا، ہر سطح پر اخراجات کنٹرول کر کے کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمے از خود غیر ضروری اخراجات کم کریں، مختلف سیکٹرز میں دی جانے والی سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لیا جائے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس پر توجہ دی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے جامع پروگرام وضع کیا جائے، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ہم نے کمزور طبقوں کا تحفظ کرنا ہے۔