کراچی : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عید کو طبی عملے کے نام کریں جو دن رات کام کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کی عالمگیر وبا اور طیارہ حادثے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ سانحہ پی آئی اے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپیل کرتا ہوں کہ عید سادگی سے منائیں اور اس عید کو اپنے شہدا اور طبی عملے ڈاکٹروں، نرسوں اور ہیروز نام کریں جو دن رات کام کررہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام سے اپیل کی جتنا ممکن ہوسکے عید اپنے گھروں میں رہتے ہوئے منائیں اور نماز عید کی ادائیگی کےلیے حکومتی ایس او پیز کے مطابق عمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک نے شہریوں کو عید گھروں پر منانے کا پابند کیا ہے، عید ملن بھی فون، واٹس ایپ اور فیس ٹائم کے ذریعے کریں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ احتیاط کرکے ہم دوسروں کی زندگیوں کا بھی تحفظ کرسکتے ہیں۔