کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے، بدقسمت طیارے کا وائس ڈیٹا ریکارڈر جائے حادثہ سے مل گیا اور ڈیوٹی پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر کو شامل تفتیش کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں جائے وقوعہ سے وائس ریکارڈ اور بلیک باکس مل گیا جسے ایئر بس کی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے اہم آلات کے ذریعے حادثے کی وجوہات کا تعین ہوگا۔
ڈیوٹی پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر شامل تفتیش
دوسری جانب تحقیقاتی ٹیم نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں ڈیوٹی پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر کو بھی شامل تفتیش کرلیا، دوران پرواز اپروچ کے وقت ایئر ٹریفک کنٹرولر کو ہوا بازی کے بین الاقوامی قوانین کے مطابق آربٹ دینا چاہئے تھا اور لینڈنگ سے قبل چیک گیئرز ان لاک کے عمل کو ہر صورت ممکن بنانا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کی پہلی ناکام لینڈنگ کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے جہاز کے کپتان کو مطلع کرنا لازم تھا کہ جہاز کا انجن روے سے ٹکرایا ہے، ایئر ٹریفک کنٹرولر کے فرائض میں یہ بھی شامل تھا کہ وہ کپتان کو بتاتا کہ لینڈنگ گیئر ڈاؤن ہوا ہے یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق لینڈنگ کلیئرنس سے قبل لینڈنگ گیئر کا اہم ترین پراسیجر ایئر ٹریف کنٹرولر کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: طیارہ حادثے کی تحقیقات، فرانسیسی ماہرین کی ٹیم آج رات پاکستان پہنچے گی
واضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک اور 2 معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔