بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ناقص انتظامات پر جدہ کے 15 ریستوران سیل

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی شہر جدہ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور ریستوران کے اندر جانور ذبح کرنے پر 15 ریستوران سیل کردیے گئے، عید کے موقع پر حکام نے ریستورانوں کے جائزہ دوروں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے صفائی کے ناقص انتظامات، ریستوران کے اندر جانور ذبح کرنے اور دیگر متعدد خلاف ورزیوں پر 15 ریستوران سربمہر کردیے۔

میونسپلٹی کے سیکریٹری انجینیئر محمد ابراہیم الزہرانی کا کہنا ہے کہ بند کیے جانے والے ریستورانوں میں سے بعض ضوابط کی پابندی نہیں کر رہے تھے، بعض کا لائسنس ختم تھا جبکہ بعض ایسے بھی تھے جن کے ملازمین کے پاس صحت کارڈ نہیں تھا۔

ان کے مطابق ریستوران کے کچن میں جانور ذبح کرنا منع ہے، اس ضابطے کا تمام ریستورانوں کو علم ہے تاہم خلاف ورزی کرنے والے متعدد ریستورانوں سے 50 بکرے ضبط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر شہری و غیر ملکی گوشت اور مرغی سے بنی متعدد مقامی ڈشز شوق سے کھاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ میونسپلٹی کی تفتیشی ٹیموں نے دوروں کی تعداد بڑھا دی ہے۔

تفتیشی ٹیمیں ایک طرف رہائشیوں کو فراہم کی جانے والے کھانے پینے کی اشیا کے معیار کا جائزہ لے رہی ہیں تو دوسری طرف طے شدہ ضوابط، معیار اور صفائی کے علاوہ کرونا وائرس سے تحفظ کے لیے دی جانے والی ہدایات کی پابندی کی نگرانی بھی کر رہی ہیں۔

الزہرانی کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بھی چاہیئے کہ جہاں کہیں خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر میونسپلٹی سے رابطہ کریں اور شکایت درج کروائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں