اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے چاروں صوبوں میں آج شب سے چھ روز تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اس سلسلے میں تمام صوبائی محکمہ جات،این ایچ اے،ایف ڈبلیو او،دیگراداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ، جس کے باعث ملک بھر میں جمعرات سے منگل2جون تک طوفانی بارشوں کے ساتھ گردآلود ہواؤں کا امکان ہے جبکہ موسم ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات سے منگل کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور،اٹک جہلم،چکوال،میانوالی سمیت کئی شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان،ملتان،رحیم یارخان اور بہاولپورمیں بھی بارش ہوگی۔
آزادکشمیرخیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ سکھر،لاڑکانہ،جیکب آباد، شہید بینظیرآباد،میرپورخاص،بدین اور حیدرآباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل رنگ جمائیں گے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد اکیاون، جیکب آباد، موہنجوداڑو، دادو، لاڑکانہ میں پچاس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس سلسلے میں تمام صوبائی محکمہ جات،این ایچ اے،ایف ڈبلیو او،دیگراداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور ہنگامی حالت کےدوران اسٹاف کی موجودگی یقینی بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہنگامی صورتحال کی رپورٹ دن میں2بار این ڈی ایم اےکوارسال کی جائے۔
پی ڈی ایم اےنے بھی ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کردی ہے ، بارشوں کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کواقدامات کی ہدایات بھی دی گئی اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، متعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔