بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

کورونا وائرس : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد بہت بڑا خطرہ ہے، کرکٹ آسٹریلیا

اشتہار

حیرت انگیز

میلبرن : کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون رابرٹس نے اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کو بڑا خطرہ قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ اس وقت حالات ایونٹ کیلئے سازگار نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد چاہتا ہے لیکن کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے کیون رابرٹس اس کے انعقاد کو انتہائی خطرناک قرار دے رہے ہیں۔

گزشتہ روز ویڈیو کال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیون رابرٹس نے کہا کہ اس وقت حالات ایونٹ کیلئے سازگار نہیں ہیں، کورونا وائرس کی صورتحال میں میگا ایونٹ کا انعقاد بہت بڑا خطرہ ہوگا۔ کھلاڑیوں کی نقل و حرکت سے لے کر گراؤنڈ کے انتظامات تک تمام ممکنات کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ آئی سی سی نے ہی کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اکتوبراور نومبر میں میگا ایونٹ کروانے کی امید کرتے رہے ہیں لیکن اب کہا جاسکتا ہے کہ یہ ہائی رسک ہوگا۔ انہوں نے آئندہ سال فروری، مارچ یا اکتوبر،نومبر میں نئی ونڈوز کی نشاندہی بھی کی، انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ ملتوی ہوا تو2021یا2022میں کروایا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، ایونٹ میں 16 ٹیموں نے شرکت کرنی ہے، جبکہ 2021 کے ایونٹ کا میزبان بھارت ہے۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے اگر آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ ملتوی کرکے اگلے سال کروایا جاتا ہے تو بھارت کو بھی ایک سال کی تاخیر گوارا کرنا ہوگی جس کے لیے وہ آمادہ نظر نہیں آتا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں