کراچی: چیئرمین کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ 2 ماہ سے ٹرانسپورٹ کی بندش سے بس مالکان اور ملازم بھوک سے مر رہے ہیں، اب مزید گاڑیاں بند نہیں رکھ سکتے۔
انہوں نے یکم جون سے پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیرسے گاڑیاں سڑکوں پر لائیں گے اگر ہماری گاڑیاں بند کی گئیں تو دھرنا دیں گے۔
ارشاد بخاری نے مسافروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بسوں میں سوار ہوتے ہوئے ایس او پیز کے تحت مناسب فاصلہ رکھیں، ڈارئیورز، کنڈیکٹرز اور مسافر فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت سے متعدد بار ملاقات اور رابطے کر کے اپنی تشویش سے آگاہ کیا مگر یقین دہانیوں کے باوجود حکومت نے ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے روک تھام کے لیے صوبائی حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ سمیت آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔