بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

کیا آپ بندر روڈ والے مرزا غالب کو جانتے ہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان میں اسٹیج سے لے کر ریڈیو تک اپنی فن کاری اور صدا کاری کی صلاحیتوں کا خوبی سے اظہار کرنے کے بعد سبحانی بایونس نے ٹیلی وژن اسکرین پر اپنی پرفارمنس سے ناظرین کے دل جیتے اور نام و مقام بنایا۔ آج اس باکمال اور اپنے فن میں‌ یکتا اداکار کی برسی ہے۔

مشہور فن کار سبحانی بایونس 31 مئی 2006 کو کراچی میں وفات پاگئے تھے۔ ان کا تعلق حیدرآباد دکن( اورنگ آباد) سے تھا جہاں انھوں نے 1924 میں آنکھ کھولی۔

انھوں نے قیامِ پاکستان کے بعد اسٹیج سے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا۔ اس زمانے میں خواجہ معین الدین جیسے عظیم ڈراما نگار کے ساتھ انھیں بھی کام کرنے کا موقع ملا اور ان کے متعدد ڈراموں میں سبحانی بایونس نے لازوال کردار ادا کیے جن میں مشہور ترین ڈراما "مرزا غالب بندر روڈ پر” تھا، اسی طرح "تعلیمِ بالغاں” میں ان کا کردار آج بھی کئی ذہنوں‌ میں‌ تازہ ہے۔

سبحانی بایونس نے پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور ترین ڈراموں خدا کی بستی، تاریخ و تمثیل، قصہ چہار درویش، رشتے ناتے، دو دونی پانچ، رات ریت اور ہوا، دائرے، وقت کا آسمان، با ادب باملاحظہ ہوشیار اور تنہائیاں میں بھی اپنی اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کیا۔

پرفارمنگ آرٹ کی دنیا میں ان کا نام آج بھی نہایت عزت اور احترام سے لیا جاتا ہے۔

سبحانی بایونس کراچی میں عزیز آباد کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں