اسلام آباد: حکومت پاکستان نے بھارتی فوج کے جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کے قتل پر شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کے قتل پر شدید تشویش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جہاں اس وقت بین الاقوامی برادری کرونا وبا سے لڑ رہی ہے وہیں بھارت اس دوران کشمیریوں پر ظلم وجبر کو تیز کرنے میں مصروف ہے۔
عائشہ فارقی نے اپنے بیان میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ایک ہی روز میں 15 کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا جو بھارتی حکومت کے انسانیت کے خلاف جاری جرائم کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہ بھارتی حکام ان جرائم کو چھپانے کے لیے غیر یقینی الزامات کا سہارا لیتے ہیں، بھارت کو سمجھنا چاہیے اس کے بدنیت پروپیگنڈے کی عالمی برادری میں کوئی ساکھ نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کا انتہا پسند ہندوتوا ایجنڈا اور غیرانسانی اور غیر قانونی کارروائیوں کا مشترکہ نظریہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اس کے مظالم نہ تو کشمیری عوام کے حوصلے کو پست کرسکتے ہیں اور نہ اس کا پاکستان مخالف ایجنڈا مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹا سکتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت کے کشمیری عوام کے خلاف سنگین جرائم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔