اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ حکومت کرونا کے ساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خلاف بھی کام کررہی ہے، ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے بھی کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، مریضوں کی تعداد اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، کرونا وائرس سے ارکان اسمبلی کی اموات پر افسوس ہے، کرونا سے کمزور طبقہ بہت متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کرونا وائرس پرلمحہ بہ لمحہ جائزہ لیتی ہے، ہمیں معیشت تباہ حال ملی تھی، کرونا سے مزید خراب ہوگئی۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کے اکثریتی عوام نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا، احتیاط نہیں کی جائے گی تو کرونا وائرس متاثر کرے گا، دنیا کے بڑے بڑے ممالک بھی کرونا کے سامنے بے بس ہوگئے، کرونا کسی میں فرق نہیں کرتا، کسی کو بھی لگ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے غریب طبقے کے لیے لاک ڈاؤن نرم کیا اور مرحلہ وار کھولا، عوام سے اپیل ہے ابھی بھی وقت ہے ضابطہ اخلاق پر عمل کریں، ضابطہ اخلاق پر عمل نہیں کیا گیا تو حکومت سخت لاک ڈاؤن پر مجبور ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اسمبلی اس لیے نہیں آتے کیونکہ انہیں کرونا سے ڈر لگتا ہے، نیب کا وارنٹ جائے تو وہ چھپ جاتے ہیں، اگلے دن عدالت میں نمودار ہوتے ہیں، ہر اس مافیا کا خاتمہ کریں گے جس نے ملک کو تباہ کیا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کرونا کے پیچھے چھپ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان لوگوں کا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، یہ چاہتے ہیں کسی طرح احتساب کا عمل روک دیا جائے۔