کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے طلبی کا نوٹس ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ اور سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ نیب روالپنڈی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو جعلی اکاؤنٹس اور سولر لائٹس کیس میں کل گیارہ بجے طلب کیا ہے۔
قومی احتساب بیورو کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم وزیر اعلیٰ سندھ سے تفتیش کرے گی، مراد علی شاہ کو تمام دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو نیب نے تیسری بارطلب کیا ہے، وہ اس سے قبل صرف ایک بار ہی نیب کی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ پر سولر لائٹیس کا غیرقانونی ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کی پیشی پر سیکیورٹی طلب کرلی ہے۔
یاد رہے 17 ستمبر 2019 میں نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طلب کیا تھا لیکن وہ نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے ان کی جگہ پرنسپل سیکریٹری نیب میں پیش ہوئے تھے، نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری کو سوال نامہ دیا تھا، 8 سوالات پر مشتمل سوال نامہ پرنسپل سیکریٹری کے ذریعے مراد علی شاہ کو پہنچایا گیا تھا۔
اس سے قبل 25 مارچ 2019 میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو نیب اسلام آباد نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کیا تھا۔ جہاں انہوں نے نیب کی پانچ رکنی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا، نیب نے مراد علی شاہ سے ٹھٹھہ، دادو شوگرملز کیس میں پوچھ گچھ کی تھی۔