کراچی : ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے سانحہ پی آئی اے کی تحقیقات کا دائرہ ایئر ٹریفک کنٹرول تک وسیع کردیا، تحقیقاتی ٹیم نے ائیرٹریفک کنٹرولر کے بیانات ، لاگ بک اور ڈیوٹی روسٹر کی مصدقہ کا پیاں بھی بورڈ کے حوالے کردیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الفطر سے ایک روز قبل قومی ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع رہائشی آبادی میں حادثے کا شکار ہوگیا تھا، حادثے کے نتیجے میں بدقسمت طیارے میں سوار تمام مسافر جاں بحق ہوگئے تھے صرف دو افراد معجزانہ طور پر زندہ بچے تھے۔
تحقیقاتی ٹیم نے حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کےلیے پی آئی اے طیارے حادثے کی تحقیقات کا دائرہ کار ائیر ٹریفک کنٹرولر تک وسیع کردیا ہے اور اس کےلیے ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے لاہور ائیرپورٹ سے بھی طیارے حادثے کے شواہد حاصل کرلیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کنٹرول ٹاور، لاہور اپروچ، لاہور ایریا کنٹرول ٹاور سے ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے اور حادثے سے متعلق حاصل کیے گئے تمام ڈیٹا کو سیل کرکے تحقیقات بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ذرائع سول ایوی ایشن نے بتایا کہ طیارے کے کپتان کی لاہور اور کراچی اے ٹی سی کے درمیان بونے والی گفتگو اور رابطوں کا ریکارڈ بھی تحقیقاتی بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ ریڈار کی ویڈیو ریکارڈنگ ایم پی فور کے فارمٹ میں فراہم کی گئی ہے جو تحقیقات میں معاونت کےلیے کمپیوٹر پر چلائی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ائیرٹریفک کنٹرولر کے بیانات، لاگ بک اور ڈیوٹی روسٹر کی مصدقہ کاپیاں بھی بورڈ کے حوالے کی جاچکی ہے اور کراچی اے ٹی سی سے بھی تمام ضروری ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
کراچی ائیرپورٹ سے حاصل سیل شدہ ریکارڈ بھی تحقیقاتی بورڈ کے سپرد کردیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اے اے آئی بی نے اپنی تحقیقات کا دوسرا مرحلہ ایئر ٹریفک کنٹرولر پر مرکوز کیا ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی اور لاہور اے ٹی سی سے ریکارڈ کی فراہمی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن کی جانب سے باضابطہ طور پر خط بھی تحریر کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات، ایئربس کمپنی کی ٹیم اہم شواہد لے کر پیرس روانہ
واضح رہے کہ پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کرنے والی ایئربس کمپنی کی ٹیم جہاز کا بلیک باکس اورکاک پٹ وائس رکارڈر لے کر پیرس روانہ ہوگئی ہے، بلیک باکس کی ڈی کوڈنگ کا عمل کل شروع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 22 مئی جمعۃ الوداع کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔